وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان اور افغانسان کے درمیان جنگبندی معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ہمسایہ ملک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے۔
جنگبندی معاہدے کے بعد ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پاگیا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ 25 اکتوبر کو استنبول میں دوبارہ وفود میں ملاقات ہوگی، ہم قطر اور ترکیے دونوں برادر ممالک کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر افغانستان سے دہشت گردی کا سلسلہ فی الفور بند ہوگا۔ دونوں ہمسایہ ملک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان فوری جنگ بندی پر راضی ہوگئے ہیں، قطری وزارت خارجہ نے جنگ بندی کی تصدیق کی۔
قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کا فیصلہ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران ہوا۔ جنگ بندی پر اتفاق قطر و ترکیے کی ثالثی میں ہوا۔