• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوار محمد حسین کا یومِ شہادت، قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

سوار محمد حسین شہید نشانِ حیدر کا آج 54واں یومِ شہادت نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

آج صبح کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کے اہتمام سے کیا گیا۔ علماء کرام نے اپنے خطبات میں شہداء کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جو قومیں اپنے شہداء کی تکریم نہیں کرتیں وہ ذلیل و رسوا ہو جاتی ہیں، زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کو فراموش نہیں کرتیں۔

’سوار محمد حسین شہید دھرتی کے بہادر سپوت تھے‘

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سوار محمد حسین شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ سوار محمد حسین شہید دھرتی کے بہادر سپوت تھے، 1971ء میں سوار محمد حسین کی دلیری نے مادرِ وطن کے تحفظ کو تاریخ میں لازوال کر دیا، سوار محمد حسین شہید جیسے دھرتی کے بیٹوں سے ہی پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، سوار محمد حسین شہید نےاپنی جراّت، دلیری اور بہادری سے پوری قوم کا سرہمیشہ کے لیے فخر سے بلند کر دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دشمن کے وار کو بےمثل حکمت عملی سے ناکام بنا کر سوار محمد شہید نے میدانِ جنگ کی کایہ پلٹ کر تاریخ رقم کی، سوار محمد حسین شہید اور دیگر بہادر سپوت جنہوں نے مادرِ وطن کے لیے جامِ شہادت نوش کیا وہ ملکی تاریخ کے ماتھے کا جھومر ہیں۔

اسپیکر ایاز صادق کا پیغام 

نشانِ حیدر سوار محمد حسین شہید کو 54ویں یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ قوم کے بہادر سپوت سوار محمد حسین کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ سوار محمد حسین کی شجاعت پاکستان کی عسکری تاریخ کا روشن باب ہے، سوار محمد حسین شہید نے 1971ء کی جنگ میں شجاعت و بہادری کی مثال قائم کی۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ سوار محمد حسین نے ظفروال شکر گڑھ سیکٹر میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا، گاؤں ہرارخورد کے نزدیک سوار محمد حسین نے دشمن کے ٹینکوں کی مؤثر نشاندہی کی۔ سوار محمد حسین کی نشاندہی سے ری کوئلس رائفلز کی فائرنگ نے دشمن کے 16 ٹینک تباہ کیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محاذ جنگ پر 5 روز تک لڑنے والے سوار محمد حسین 22 سال کی عمر میں شہید ہوئے، قوم اپنے بہادر ہیرو سوار محمد حسین شہید کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے سوار محمد حسین شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

قومی خبریں سے مزید