محمود خان اچکزئی کی صدارت میں اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی سے اپوزیشن ارکان پارلیمانی پارٹی شریک ہوئے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں ملکی سیاسی، آئینی، پارلیمانی صورتحال اور وفاق کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق تحریک تحفظ آئین کے زیر اہتمام 20 اور21 دسمبر کو ’قومی مشاورتی کانفرنس‘ ہوگی، اجلاس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی منتظر بہنوں پر تشدد کی مذمت کی گئی۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی فوری تعمیل کرے، حکومت بانی پی ٹی آئی کے سیاسی رفقا، اہلِخانہ سے ملاقاتیں بحال کرے۔ غیرآئینی، غیرجمہوری اقدام کی ہر ممکن قانونی اور سیاسی مزاحمت کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے درمیان سرحدی کاروبار کو فوری طور پر بحال کیا جائے، تمام تنازعات پر سفارتی مذاکرات کے ذریعے بات چیت کو ترجیح دی جائے۔