وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام نے اقلیت کے خلاف ظلم کو ہمیشہ ناپسند کیا ہے، ہمیں پاکستان کی اقلیتی برادری پر فخر ہے، تعمیر پاکستان اور دفاع پاکستان میں اقلیتی برادری کا اہم کردار ہے۔
وزیراعظم نے دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کے لیے شبھ کامنائیں دیں۔
وزیراعظم ہاؤس میں دیوالی کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ قومی اقلیتی کمیشن کو مزید فعال کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام میں اقلیتوں کو پوری طرح شامل کیا جارہا ہے، سرکاری ملازمتوں میں بھی اقلیتوں کا کوٹہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتیی برادری کے بچوں کو اسکول سے یونیورسٹی تک وظائف دیے جا رہے ہیں، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں میں اقلیتیوں کی نمائندگی موجود ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری ملازمت میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹا مختص ہے، پاکستان اجالوں، امن، ہم آہنگی اور برداشت کی سرزمین ہے، پاکستان میں نفرت اور دہشت گردی کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔