• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھیلوں کے شائقین کیلئے بڑی خوشخبری! ’جیو سوپر‘ عالمی اسپورٹس ایونٹس براہِ راست دکھائے گا



پاکستان میں کھیلوں کے دیوانوں کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی، پاکستان کا پہلا نجی اسپورٹس چینل ’جیو سوپر‘ اب دنیا کے بڑے بڑے کھیلوں کے میدانوں سے براہِ راست ایکشن اپنے ناظرین تک پہنچائے گا۔

’جیو سوپر‘ نے بین الاقوامی اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’مائیکو‘ کے ساتھ ایک تاریخی معاہدہ کر لیا ہے، جس کے تحت اب انگلش پریمیئر لیگ، ومبلڈن، فارمولا ای، ورلڈ اسکواش فیڈریشن ایونٹس، کراٹے، کرکٹ اور دیگر عالمی سطح کے مقابلے پاکستانی ناظرین براہِ راست دیکھ سکیں گے۔

اس معاہدے کے نتیجے میں ’جیو سوپر‘ نے ناصرف کھیلوں کی نشریات کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے بلکہ پاکستانی شائقین کو یہ موقع فراہم کیا ہے کہ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر ایکشن میں دیکھ سکیں۔

’جیو سوپر‘ اور ’مائیکو‘ کے درمیان ہونے والا معاہدہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور عالمی ایونٹس تک عوامی رسائی کے لیے ایک انقلابی قدم ثابت ہوگا۔

اب پاکستانی مداح نا صرف اپنے مقامی ہیروز بلکہ بین الاقوامی اسٹارز کی کارکردگی بھی براہِ راست اور ہائی ڈیفینیشن کوالٹی میں دیکھ سکیں گے۔

اس موقع پر ’مائیکو‘ کے ایم ڈی عمیر معصوم کا کہنا ہے کہ کھیل کے دیوانوں کے لیے آج بہت اہم دِن ہے، ’جیو سوپر‘ پاکستان کا پہلا نجی اسپورٹس چینل ہے جس نے کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، اِسی طرح ’مائیکو‘ نے بھی عوام میں اپنی جگہ بنائی ہے اور پاکستانی عوام کی بڑی تعداد ’مائیکو‘ ایپ کے ذریعے کھیلوں سے لطف اندوز ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کئی کھیلوں کے ایکسکلوسیو رائٹس ہیں جو اب ناظرین ’جیو سوپر‘کی اسکرین پر بھی دیکھ سکیں گے، ایسے ہی ’جیو سوپر‘ جو مقابلے براہِ راست نشر کرے گا وہ ہم اپنی ایپ کے ذریعے براہِ راست ناظرین تک پہنچائیں گے۔

عمیر معصوم نے کہا کہ ’جیو سوپر‘ اور ’مائیکو‘ کے درمیان ہونے والا معاہدہ پاکستانی عوام کو بہتر سے بہترین اسپورٹس کوریج فراہم کرے گا، ہمارا معاہدہ 5 برس کا ہے اور ہم مل کر جدوجہد کریں گے کہ شائقین کھیل اسپورٹس ایونٹس سے خوب لطف اندوز ہو سکیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید