غلطی سے جیل سے رہا ہو جانے والے ایتھوپیا کے 41 سالہ ہڈش کیباتو کو پولیس نے لندن کے علاقے فنسبری پارک سے گرفتار کرلیا۔
میٹ پولیس کے مطابق عوام کے تعاون کے سبب ہڈش کیباتو کی گرفتاری آج اتوار کی صبح ساڑھے 8 بجے عمل میں آئی۔
پولیس کے مطابق خواتین پر جنسی حملہ کرنے کے جرم میں سزا بھگتنے والا سیاسی پناہ گزین جمعہ کو غلطی سے ایچ ایم پی چیمسفورڈ جیل سے رہا کردیا گیا تھا، اسے ملک بدر کرنے کے لیے جیل سے امیگریشن ڈیٹینشن سینٹر بھیجا جانا تھا۔
ایسیکس پولیس کے مطابق ہڈش کیباتو جمعہ کو دن میں چیمسفورڈ سے لندن جانے والی ٹرین میں سوار ہوا تھا، اس کی رہائی کے بعد پرزن سروس نے ڈسچارج ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دینے والے افسر کو فرائض کی ادائیگی سے روک دیا تھا۔
ایتھوپین ہڈش کیباتو کو ایک 14 سالہ لڑکی اور ایک عورت پر جنسی حملے کرنے کے جرم میں ایک سال جیل کی سزا سنائی گئی تھی، اس کی جیل سے حادثاتی رہائی کو وزیراعظم سر کئیر اسٹارمر نے ناقابلِ قبول قرار دیا تھا۔