• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم آزاد کشمیر کا استعفیٰ دینے کیلئے مشاورت کا عمل مکمل

وزیر اعظم آزاد کشمیر انوارالحق
وزیر اعظم آزاد کشمیر انوارالحق

آزاد کشمیر میں وزیراعظم کو تبدیل کرنے کا آخری دور شروع ہونے کا امکان ہے۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے استعفیٰ دینے کے لیے مشاورت کا عمل مکمل کرلیا۔ 

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے، کابینہ میں شامل وزرا نے پیپلز پارٹی کے نئے قائد ایوان کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر کے پاس اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار بھی موجود ہے، وزیراعظم کے مستعفی ہونے کی صورت میں صدر اسمبلی کا اجلاس طلب کریں گے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے ریاستی آئین کے تحت وزیراعظم کے مستعفی ہونے کی صورت میں 14روز کے اندر نئے قائد ایوان کا انتخاب ضروری ہے۔ موجودہ اسمبلی چوتھے وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لائے گی۔

وزیراعظم اپنا استعفیٰ صدر آزاد کشمیر کو بھجوائیں گے، اگر اسمبلی اِن سیشن ہو تو فوری طور پر نئے وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا اور اگر اسمبلی اِن سیشن نہ ہو تو صدر 14 روز میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے اجلاس بلانے کا پابند ہے۔

تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں موجود کل اراکین کی تعداد کے 25 فیصد اراکین کے دستخطوں سے جمع کروائی جاسکتی ہے۔

تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والے محرک آئندہ وزیراعظم کا نام بھی پیش کرنے کے پابند ہوں گے، کوئی بھی رکن سیکریٹری اسمبلی کو قرار داد پیش کرنے کا نوٹس دے سکتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید