چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان قومی اسمبلی کی اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر بیٹھک ہوئی۔
اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے، اس موقع پر نیئر بخاری، جمیل سومرو، ہمایوں خان اور مولانا اسعد محمود موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو اور فضل الرحمان کی ملاقات میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا معاملہ زیر بحث آیا ہے۔
اس دوران اپوزیشن کی عددی حیثیت سے متعلقہ امور پر مشاورت ہوئی، بلاول بھٹو اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اتحاد کے خواہاں ہیں۔
ذرائع جے یو آئی ف کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں قومی اور سیاسی امور پر بات چیت ہوئی اور اس دوران رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں کسی بھی آئینی ترمیم پر بات نہیں ہوئی، جے یو آئی سربراہ کی اپوزیشن لیڈر بننے میں کوئی دلچسپی ہے نہ ہی کوئی ایسی بات ہوئی ہے۔
پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی میں 74 ارکان ہیں، جے یوآئی 6 جنرل نشستوں سمیت 10 ممبران کے ساتھ ایوان میں موجود ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے محمود اچکزئی کی نامزدگی پر 74 ارکان نے دستخط کیے ہیں اور درخواست اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروا دی ہے۔