وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے امریکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں شاندار مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دے دی۔
مریم نواز سے امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرس نے ملاقات کی، جس میں سرمایہ کاری، تجارت، ثقافت اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات میں بہتری خوش آئند ہے، وزیراعظم کا حالیہ دورۂ امریکا باہمی تعلقات میں مزید استحکام کا باعث ہوگا، پاکستان اور امریکا کے موجودہ تعلقات افق کی نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کے لیے حکومتِ پنجاب کے تاریخی پیکج پر کام شروع ہو چکا ہے، پنجاب میں کلچرل ٹورازم کے فروغ کے لیے قدیمی ثقافتی ورثے کی بحالی اور بہتری کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب سرحد پار سے آنے والی اسموگ کے اثرات کو کم از کم سطح پر لانے کے لیے کوشاں ہے۔
امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرس نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کا ای بزنس پروجیکٹ قابلِ تحسین ہے، ای بزنس پروجیکٹ کے باعث سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا ہو رہی ہیں۔
امریکی قونصل جنرل نے مزید کہا کہ پنجاب میں جس طرح اور جس رفتار سے کام ہو رہا ہے، وہ قابلِ محسوس اور متاثرکن ہے۔