وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ آج کا دور جدید اور تیز رفتار تبدیلیوں کا ہے، ترقی اب سینیارٹی نہیں بلکہ کارکردگی اور نتائج کی بنیاد پر ہوگی۔
پنجاب یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو نجی شعبے، سول سوسائٹی اور میڈیا سے ہم آہنگی رکھنی چاہیے تاکہ پالیسی سازی میں بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
احسن اقبال نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے سول سروس اصلاحات دوبارہ شروع کی ہیں اور نیا اسمارٹ سول سروس ماڈل میرٹ، جوابدہی اور ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سی ایس ایس امتحانات میں زیادہ تر امیدوار انگریزی میں فیل ہو جاتے ہیں۔ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے گورننس کا نظام مربوط اور ہم آہنگ ہو چکا ہے اور آج کے گورننس سسٹم میں نمایاں تبدیلیاں آ چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے باعث آج کا شہری زیادہ آگاہ اور باشعور ہو چکا ہے اور نوجوان ٹیکنالوجی کے استعمال سے بخوبی واقف ہے، پالیسی سازی میں اب مشاورت اور شمولیت کا دائرہ کار وسیع ہو چکا ہے، جس سے فیصلہ سازی کے عمل میں بہتری آ رہی ہے۔