اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ آج کے دن ہم صحافیوں کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں، دنیا بھر میں صحافیوں کے قتل کے 10 میں سے تقریباً 9 واقعات غیر حل شدہ ہیں۔
اپنے بیان میں انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ غزہ کسی بھی تنازع میں صحافیوں کے لیے سب سے خطرناک جگہ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر آزاد اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہوں، سزا نہ ملنا صرف متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ناانصافی نہیں بلکہ صحافتی آزادی پر حملہ ہے۔
یو این کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سزا نہ ملنا مزید تشدد کو بڑھاتا ہے اور جمہوریت کے لیے خطرہ ہے، تمام حکومتوں کو ہر کیس کی تحقیقات کرنی چاہئیں، ہر مجرم کو کٹہرے میں لانا چاہیے۔
انتونیو گوتیرس نے کہا کہ تمام حکومتوں کو یقینی بنانا چاہیے کہ صحافی ہر جگہ اپنے فرائض آزادانہ طور پر انجام دے سکیں۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ جب صحافیوں کو خاموش کیا جاتا ہے تو ہم سب اپنی آواز کھو دیتے ہیں، آئیں ہم سب مل کر ایک ساتھ کھڑے ہو کر صحافتی آزادی کا دفاع کریں۔