بھارتی ریاست پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کے جوتوں کی حفاظت پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ بھگونت مان کے سری مکتسر صاحب گوردوارہ کے دورے کے دوران ایک سرکاری حکم نامہ منظرِ عام پر آیا ہے، جس میں 2 پولیس اہلکاروں کو وزیراعلیٰ کے جوتوں کی حفاظت پر مامور کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
مکتسر پولیس کی جانب سے جاری ہدایت میں ہیڈ کانسٹیبل روپ سنگھ اور کانسٹیبل سربت سنگھ کو ’’وزیراعلیٰ پنجاب کے جوتوں پر ڈیوٹی‘‘ دینے کا حکم دیا گیا تھا، جس می لکھا تھا کہ وہ گیٹ نمبر 7 پر سادہ لباس میں ڈیوٹی انجام دیں گے۔
یہ حکم نامہ چند گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور اپوزیشن رہنماؤں نے عام آدمی پارٹی حکومت کو پولیس فورس کو ذاتی خدمت گار بنانے پر آڑے ہاتھوں لیا۔
اس حوالے سے ہونیوالی تنقید کو بھگونت مان نے طنز کے ساتھ مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ کیا ان سیاسی مخالفین کے پاس پنجاب کے لیے کوئی روڈ میپ ہے؟ اب ہمارے جوتے اور چپل ہی ان کے لیے مسئلہ بن گئے ہیں، یہاں تک کہ ہماری ماؤں اور بہنوں کے کپڑے بھی ان کی نظر میں ہیں۔ اب یہی ان کے پاس بچا ہے۔