بھارتی ریاست بہار کی سیاست کے معروف کردار باہو بلی اور جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے امیدوار اننت کمار سنگھ عرف ’چھوٹے سرکار‘ کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
سفید لباس اور دھوپ کے چشمے میں اکثر نظر آنے والے اننت سنگھ کی سوشل میڈیا پر ایک خاص پہچان ہے۔
ان کے بے باک بیانات پر بننے والی میمز اور ویڈیوز نے انہیں ایک طرح کا ’عوامی کردار‘ بنا دیا ہے لیکن ان کے خلاف سنگین جرائم کی طویل فہرست سامنے آئی ہے۔
اننت سنگھ کو گینگسٹر سے سیاست دان بننے والے دُلار سنگھ یادیو کے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اننت سنگھ کے خلاف 28 مقدمات زیرِ سماعت ہیں، جن میں قتل، اغواء، تشدد، مجرمانہ سازش، اسلحہ ایکٹ سمیت دیگر سنگین الزامات شامل ہیں۔
ان کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 37.88 کروڑ بھارتی روپے ہے، جن میں ایک لینڈ کروزر، فورچیونر، ایک ہاتھی، ایک گھوڑا اور مویشی شامل ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ اور موجودہ آر جے ڈی ایم ایل اے نیلم دیوی کے پاس 62.72 کروڑ بھارتی روپے کے اثاثے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پٹنہ سے تقریباً 100 کلو میٹر دور مکھاما میں اننت سنگھ پچھلی دو دہائیوں سے سیاسی طاقت کا دوسرا نام ہیں، انہوں نے 2005ء میں پہلی بار اسمبلی الیکشن جیتا اور 2010ء میں بھی کامیاب رہے۔
2015ء میں انہوں نے جے ڈی یو چھوڑ کر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا اور جیت گئے، 2020ء میں وہ آر جے ڈی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے، تاہم 2022ء میں اسلحہ کیس میں سزا کے بعد اسمبلی رکنیت سے محروم ہو گئے۔
اسی نشست پر ان کی اہلیہ نیلم دیوی نے ضمنی انتخاب جیت کر آر جے ڈی کے لیے سیٹ برقرار رکھی، اب وہ دوبارہ جے ڈی یو کے امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعرات کو دُلار سنگھ یادیو کی لاش مکھاما میں ملی۔
یادیو مبینہ طور پر جان سوراج کے امیدوار پیوش پریہ درشی کی حمایت کر رہے تھے، لیکن پارٹی لیڈر پراشانت کشور نے ان سے کسی تعلق کی تردید کی ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق یادیو کی موت دل اور پھیپھڑوں پر بھاری اور کند ضرب سے ہوئی ہے، جن کے قتل کے الزام میں پولیس نے اننت سنگھ، منی کانت ٹھاکر اور رنجیت رام کو گرفتار کر لیا ہے۔