اداکارہ صبا قمر کے کراچی سے متعلق بیان پر سوشل میڈیا پر جاری بحث کے بعد اُن کے قریبی دوست اور معروف اداکار زاہد احمد اور فیصل قریشی میدان میں آگئے۔
حال ہی میں صبا قمر ایک انٹرویو میں اس وقت تنقید کی زد میں آئیں جب اُنہوں نے کراچی منتقل ہونے کے امکان پر ’استغفراللّٰہ‘ کہا۔ اس بیان نے کراچی کے والوں کو ناراض کردیا اور سوشل میڈیا پر اس سے متعلق بحث چھڑ گئی۔
صبا قمر کے قریبی دوست اور ان کے ساتھ فلموں و ڈراموں میں کام کرنے والے اداکار زاہد احمد نے اس معاملے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا، ’صبا ایک مضبوط خاتون ہیں، وہ کسی تنقید سے نہیں گھبراتی، اگر لوگ اُن کے بارے میں کچھ کہتے ہیں تو وہ اس سے بے نیاز رہتی ہیں، آج کل معمول بن گیا ہے کہ کسی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر وائرل کر دیا جاتا ہے۔‘
دوسری جانب فیصل قریشی نے صبا قمر کے بیان پر گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’کراچی میرا شہر ہے، اس نے مجھے سب کچھ دیا، لیکن میں جانتا ہوں کہ میرے کئی دوست یہاں سے جا چکے ہیں، ٹریفک خطرناک ہے، سڑکیں خستہ حال ہیں، صفائی کا نظام ناقص ہے اور قانون کی کوئی پاسداری نہیں، شہر کی حالت واقعی بگڑ چکی ہے، جو آپ کو پنجاب یا دیگر علاقوں میں نظر نہیں آئے گی۔‘
سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی نے ایک مثبت زاویہ پیش کرتے ہوئے کہا، ’پاکستان کے تمام شہر اپنی اپنی اہمیت رکھتے ہیں۔ میں حیدرآباد سے ہوں، جوانی لاہور میں گزاری اور اب کراچی میں رہتا ہوں، میرے نزدیک سارے شہر اپنے اپنے رنگ رکھتے ہیں، کراچی بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا شہر ہے اور یہی اس کی سب سے بڑی پہچان ہے۔‘
اداکارہ حنا بیات خواجہ نے معاملے کو ایک خوبصورت انداز میں سمیٹتے ہوئے کہا، ’ہمیں اپنے فرق کو قبول کرنا چاہیے، ہمارا ملک ایک گھر کی طرح ہے اور شہر اس کے مختلف کمرے ہیں، ہر کمرے کی اپنی خوشبو ہے، اپنی پہچان ہے اور ہمیں اسے اسی طرح اپنانا چاہیے۔‘
سوشل میڈیا پر مداحوں نے ان فنکاروں کے بیانات کو سراہا ہے، بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ بحث کے بجائے سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہر شخص اپنے تجربے کے مطابق بات کرتا ہے اور پاکستان کے ہر شہر کی اپنی خوبصورتی ہے۔