سندھ ہائی کورٹ نے کنزیومر کورٹ کے فیصلے کے خلاف نجی کورئیر کمپنی کی اپیل مسترد کرتے ہوئے 6 سال بعد فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے کمپنی کو حکم دیا کہ وہ صارف کو گم شدہ موبائل فون کے ساتھ جرمانے کی رقم بھی ادا کرے۔
سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ صارف نے اپنا موبائل فون بذریعہ کورئیر لاہور بھیجا تھا جو راستے میں گم ہو گیا، اس پر کنزیومر کورٹ نے کمپنی کو 45 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔
جسٹس ارشد حسین خان پر مشتمل سنگل بینچ نے صارف محمد شاہد کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ کورئیر کمپنی صارف کے نقصان کی ذمہ دار ہے اور اسے موبائل فون کے ساتھ جرمانے کی رقم بھی ادا کرنا ہوگی۔