• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’کسی خان کو ممبئی کا میئر نہیں بننے دیں گے‘: ممدانی کی کامیابی پر انتہا پسند بھارتی رہنما کا ردِعمل

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

امریکا کے سب سے بڑے شہر نیو یارک سٹی میں کسی کم عمر اور جنوبی ایشیائی مسلمان شخص کا میئر منتخب ہونا ایک ایسی بڑی تبدیلی ہے جس کا اثر پوری دنیا پر پڑے گا۔

نیو یارک سٹی کے میئر کا انتخاب  34 سالہ بھارتی نژاد مسلمان ظہران ممدانی  نے جیتا ہے جس کے نمایاں اثرات بھارت کے شہر ممبئی میں دیکھنے کو مل سکتے ہیں جہاں جلد ہی میئر کے انتخاب کے لیے الیکشن ہونے والے ہیں۔

ظہران ممدانی کی کامیابی پر بھارت کی انتہا پسند حکمراں جماعت بی جے پی کے رہنما امیت ستم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ دنیا کے کچھ بڑے شہروں کے رنگ تبدیل ہو رہے ہیں اور کچھ بڑے شہروں کے میئرز کے نام دیکھنے کے بعد ممبئی کے حوالے سے محتاط رہنا بہت ضروری ہے۔ 

اُنہوں نے کہا کہ اگر کسی نے ممبئی پر کسی ’خان‘ کو مسلط کرنے کی کوشش کی تو یہ بات بالکل برداشت نہیں کی جائے گا۔

امیت ستم نے کہا کہ ممبئی والو جاگ جاؤ، کچھ لوگ سیاسی اقتدار برقرار رکھنے کے لیے خوشامد کا راستہ اختیار کر رہے ہیں، ہمیں ممبئی کو ایسی طاقتوں سے بچانا ضروری ہے جنہوں نے پہلے بھی ہمارے معاشرے کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں مذہبی ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہوں لیکن اگر کوئی ملک دشمن مؤقف اپنا کر معاشرے کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتا ہے تو ہم اس کی مخالفت کریں گے۔

امیت ستم نے کہا کہ ہم ہمیشہ ممبئی کی ترقی اور اتحاد کے لیے کھڑے رہیں گے، شہر کی سماجی اور ثقافتی شناخت کو تبدیل کرنے کی کوئی بھی کوشش ہر گز  قبول نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ بھارتی نژاد اسکالر محمد ممدانی اور فلمساز میرا نیئر کے بیٹے ظہران ممدانی نے میئر الیکشن میں نیو یارک کے سابق گورنر اینڈریو کوومو اور ریپبلکن کے امیدوار کرٹس سلوا کو شکست دی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید