اندھیرا ……
زہران ممدانی تمہاری عمر کا ہے۔ میں نے بیٹے سے کہا۔
وہ نیویارک کا میئر بن گیا، تم بیٹھے موبائل اسکرول کر رہے ہو۔
’یہ کوئی لاجک نہیں‘۔ بیٹے نے کاندھے اچکائے۔
’’جب ٹرمپ آپ کی عمر کا تھا، تب وہ ارب پتی بن گیا تھا،
اور آپ یہاں بیٹھے کتابیں پڑھ رہے ہیں‘‘۔
میں چلایا: اس موبائل نے تمہیں بدتمیزبنا دیا ہے۔
اور ان کتابوں نے ہمیں کنگال کر دیا۔اس نے جواب دیا۔
لڑنا بند کریں۔ بیگم جھنجھلا کر بولی۔ میں ڈراما دیکھ رہی ہوں۔
کیوں ساس بہو والے فضول ڈرامے دیکھ کر وقت ضائع کرتی ہو؟
میں بڑبڑانے لگا، تو بیگم نے مجھے گھورا۔
’’مگر اس فضول ڈرامے کا اسکرپٹ تو آپ ہی نے لکھا تھا‘‘۔
اس سے پہلے میں کچھ کہتا ، لائٹ چلی گئی اور اندھیرا چھا گیا۔