جنوبی وزیرستان کے کیڈٹ کالج وانا کے اندر موجود تین خارجیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ کالج میں موجود تینوں خارجیوں کا تعلق افغانستان سے بتایا جارہا ہے، یہ تینوں دہشتگرد ٹیلیفون پر مسلسل افغانستان سے ہدایات لے رہے ہیں۔
خوارج ایک عمارت میں چھپے ہیں جو کیڈٹس کی رہائش سے بہت دور ہے، لیکن پانچ سو کے قریب کیڈٹس اس وقت وانا کیڈٹ کالج میں موجود ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس حوالے سے دہشتگردوں کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس میں دہشتگردوں کو کیڈٹ کالج کے اندر دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو کل ہلاک کیے جانے والے افغان خوارج کے موبائل فون سے ملی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ خوارج کے موبائل فون کا فارنزک کیا گیا ہے جس سے پتہ چلا ہے کہ دہشتگرد مسلسل افغانستان میں اپنے ہینڈلرز سے رابطے میں تھے۔
گزشتہ روز افغان خوارج نے کالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی، دھماکے سے کالج کا مرکزی گیٹ ٹوٹ گیا تھا اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور جرات مندانہ کارروائی کرتے ہوئے دو خوارجیوں کو موقع پر جہنم واصل کردیا تھا۔