• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری جلد پاکستان کی مٹی کے رنگ کی ہے:مس یونیورس پاکستان روما ریاض کا ناقدین کو دوٹوک جواب

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز

رواں سال تھائی لینڈ میں مس یونیورس مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی روما ریاض نے اپنی رنگت پر ہونے والی تنقید کا خوبصورت اور پُرعزم انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری جلد اسی رنگ کی ہے جس کی پاکستان کی مٹی ہے۔

روما ریاض نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ میری جلد پاکستان کی مٹی کے رنگ جیسی ہے، اسی رنگ کی عورتوں نے ہمارے خاندان، ہمارے گھر بنائے اور اپنے دلوں میں اس وطن کو بسایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر وہ پاکستانی خاتون جو کبھی یہ سن چکی ہے کہ وہ بہت سانولی ہے، بہت نڈر ہے یا بہت مختلف ہے تو آپ بھی پاکستان کا چہرہ ہیں۔

روما ریاض نے ویڈیو میں معاشرے میں رنگت پر مبنی تعصب (Colorism) پر بھی کھل کر بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں رنگت کے فرق نے یہ سکھایا ہے کہ گوری رنگت کو خوبصورتی سمجھو اور اپنی جڑوں کو بھول جاؤ، مگر میں اُس نئی نسل کی نمائندگی کرتی ہوں جو جنوبی ایشیائی عورت کے لیے بنائے گئے تنگ نظری کے نظریے قبول نہیں کرتی۔

انہوں نے فخر سے کہا کہ میں پاکستانی ہوں، اپنی جڑوں میں، اپنی اقدار میں اور اپنی جلد کے ہر شیڈ میں، خوبصورتی کو کسی ایک رنگ یا ظاہری معیار تک محدود نہیں کیا جا سکتا، خوبصورتی کسی خاص رنگ یا چہرے کے خدوخال سے وابستہ نہیں، یہ احساس اور شناخت کا نام ہے۔

ویڈیو کے آخر میں انہوں نے اردو میں بھی اپنے ناقدین کو پیغام دیا اور کہا کہ میں ہمیشہ ہر انٹرویو میں فخر سے کہتی ہوں کہ ہمارے لوگ ہماری سب سے بڑی پہچان ہیں، ہمیں بہتر بننا ہوگا، کیونکہ عالمی سطح پر نمائندگی کی کوئی اہمیت نہیں اگر ہم اپنی ہی قوم سے محبت نہ کر سکیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید