ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ اردن کے شاہ عبداللّٰہ دوم کل سے پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، شاہ اردن وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر 15، 16 نومبر کو دورہ کریں گے۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ اعلیٰ سطح کا یہ دورہ پاکستان اور اردن کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے، دورہ پاکستان اور اردن کے درمیان برسوں پر محیط برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے، شاہ اردن کے دورے سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ دورے سے پاکستان اردن تعلقات کی اسٹریٹجک سمت مزید مضبوط ہوگی، یہ تعلقات سیاسی، معاشی اور ثقافتی شعبوں میں جامع اور وسیع شراکت داری کی جانب گامزن ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اپنے دورے کے دوران شاہ عبداللّٰہ دوم صدرِ پاکستان اور وزیرِاعظم سے ملاقاتیں کریں گے، دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایوانِ صدر میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوگی، جس میں شاہ عبداللّٰہ دوم کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ عطا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور اردن کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا، یہ دورہ دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار اور شعبوں میں وسعت پیدا کرے گا۔