کوئٹہ کے لیے پروازیں کم اور ٹکٹس مہنگے کیوں؟ بلوچستان ہائی کورٹ نے مسابقتی کمیشن سے رپورٹ طلب کرلی۔
بلوچستان ہائیکورٹ میں کوئٹہ کےلیے پروازوں کی کمی اور ٹکٹس مہنگے ہونے کے کیس کی سماعت کی۔
چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی نے کیس کی سماعت کی اور مسابقتی کمیشن سے پروازوں اور کرایوں سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔
عدالت عالیہ بلوچستان نے قومی ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) حکام کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔
بلوچستان ہائیکورٹ نے دونوں افسران کو ذاتی طور پر طلب کیے جانے کے باوجود عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کیا۔
دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور قومی ایئر لائن کے وکیل نے عدالت کے روبرو معذرت کی۔