اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ مستعفی ہونے والے ججز ایسے تھے جیسے پارٹیز تھیں، کیا نواز شریف کو حکومت سے نکالنے کا فیصلہ آزادانہ تھا۔
ملک محمد احمد خان نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان ججز کا انصاف اور سزا صرف ایک پارٹی کے لیے تھی، عمر عطا بندیال کے فیصلے متعصبانہ تھے، جس کا دل کرتا ہے منتخب لوگوں کو کان سے پکڑ کر باہر نکال دیتا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جج صاحبان کے استعفوں کا سلسلہ ابھی رکے گا نہیں، آئین کا حلیہ بگاڑ دیا گیا تھا، ایک عرصے سے کہہ رہے تھے کہ پارلیمنٹ کو اس کا حق دیا جائے۔
ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ آئین کو اپنی اصل روح کے مطابق واپس لایا جا رہا ہے، 27ویں آئینی ترمیم پر ایک سیاسی جماعت سیاست کر رہی ہے۔