وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تازہ ترین معاشی اعداد و شمار حکومتی اصلاحات کو درست ثابت کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت ٹیکس نظام میں اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ ٹیرف اصلاحات مثبت رجحانات درست ہونے کا ٹھوس ثبوت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تازہ ترین معاشی اعداد و شمار حکومتی معاشی اصلاحات کو درست ثابت کررہے ہیں، حکومتی معاشی اصلاحات کے نتیجے میں معاشی ترقی کی رفتار بہتر ہو رہی ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ معاشی بہتری کے شواہد کاروباری برادری اور قوم کے سامنے آرہے ہیں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سمیت فنانس ٹیم کو شاباشی دیتا ہوں۔
اس موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال ٹیرف اصلاحات کا کوئی منفی اثر ریونیو وصولی پر مرتب نہیں ہوا، درآمدی سطح پر ڈیوٹیوں اور ٹیکس وصولی میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ اضافہ قابل ڈیوٹی مصنوعات کی مقدار میں صرف 3 اعشاریہ 6 فیصد بڑھوتری کے باوجود سامنے آیا ہے، ٹیرف کم کرنے سے ریونیو وصولی میں کمی کے خدشات غلط ثابت ہوئے۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ڈیوٹی فری امپورٹس میں 41 اعشاریہ 5 فیصد اضافہ ہوا ہے، اسے نچلی سطح پر پیداواری اثرات میں نمایاں بہتری کی علامت قرار دیا جاسکتا ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ معاشی اصلاحات کا مقصد مینوفیکچرنگ اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے، ٹیرف اصلاحات کا مقصد خام اجزا کی قیمت میں کمی لانا تھا، اصلاحات کا مقصد برآمدات کا حجم بڑھانے اور عالمی منڈی میں مسابقت ممکن بنانا تھا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ٹیکس چوری روکنے کےلیے انتظامی اور ادارہ جاتی اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹیکس وصولی نظام کی خامیوں کو ختم کیا جا ئے، اصلاحات کے عمل کی رفتار مزید تیز کی جائے۔