کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ ہاکی قومی کھیل ہے جس کی ترقی اور اس میں اچھے نتائج کے حصول کے لئے سندھ حکومت پی ایچ ایف کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی، وہ اتوار کو پی ایچ ایف کے زیر اہتمام شروع ہونے والے نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر انہوں نے ہاکی کلب کو معروف سماجی رہنما عبد الستار ایدھی سے منسوب کیا، انہوں نے کلب کے باہر لگائی گئی تختی کی نقاب کشائی کی، گورنر سندھ نے کہا کہ عبد الستار ایدھی پاکستان کا بہت بڑا نام تھا وہ دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان تھے، گورنر سندھ نے کہا کہ پی ایچ ایف کی جانب سے قومی کھیل کی ترقی کے لئے نئے ایونٹس کا ٓآغاز خوش آئند ہے اس سے کھیل کو مقبولیت ملے گی،پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام کیا ، کراچی میں اس قسم کے ایونٹ سے تماشائیوں میں اس کھیل کے حوالے سے نیا شوق اور جذبہ پیدا ہوگا،انہوں نے کہا کہ جشن آ زادی کے مقوع پر پی ایچ ایف نے کھیل سے کراچی کی رونق میں اضافہ کیا ہے ان کی یہ کاوش قابل ستائش ہے۔