پاکستان فیشن انڈسٹری کے معروف فیشن ڈیزائنر منیب نواز نے یقین کی طاقت پر روشنی ڈالتے ہوئے محاورے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو ہوتا ہے اچھے کےلیے ہوتا ہے۔
حال ہی میں فیشن ڈیزائنر نے ’جیو پوڈکاسٹ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے نجی زندگی، کیرئیر، روحانیت سمیت مختلف امور پر کھل کر بات چیت کی۔
دورانِ انٹرویو انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ لوگ 8 گھنٹے کی ملازمت کو زندگی گزارنے کا ذریعہ کہتے ہیں لیکن میں کہتا ہوں کہ ’میں زندگی گزارنے کےلیے جیتا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ زندگی گزارنے سے مراد یہ نہیں ہے کہ آپ اپنے وقت کو کیسے گزارتے ہیں بلکہ اپنا وقت کتنے بھرپور انداز میں گزارتے ہیں، یہ زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔
فیشن ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں کبھی یہ کام شروع کروں گا، لیکن آج جب میں اپنی پرانی ڈائری نکال کر دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ میں نے یہ سب لکھا ہے، میں نے اس سب کا مظاہرہ کیا، جس میں سے بہت کچھ میں حاصل کرچکا ہوں اور بہت کچھ حاصل کرنا ابھی باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا اس بات پر پختہ یقین ہے کہ جو ہوتا ہے اچھے کےلیے ہوتا ہے، آپ جو سوچتے ہیں ویسا ہی ہوتا اگر آپ اچھا سوچیں گے تو اچھا ہی ہوگا اگر برا سوچیں گے تو برا ہی ہوگا۔