لائبریری ……
یہ ایک چور کی کہانی ہے، جس نے ایک بنگلے میں نقب لگائی۔
بنگلے میں ایک بڑی سی لائبریری تھی، جہاں ایک بوڑھا سویا ہوا تھا۔
چور قیمتی چیزوں کے علاوہ لائبریری سے چند کتابیں بھی اٹھا لایا۔
کتابوں کے مطالعے نے اُسے یکسربدل دیا، کہیں اُسے اپنا ماضی نظر آیا،
کہیں مستقبل۔ اُس نے سوچا، اِسے یہ کتابیں لوٹا دینی چاہئیں،
ساتھ ہی لائبریری کے مالک کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔
جی کڑا کر بنگلے پہنچا، تو دیکھا
چند نوجوان ایک ٹرک میں کتابیں لوڈ کروا رہے تھے۔
مزدور سے پوچھنے پر پتا چلا، جن صاحب کی یہ لائبریری تھی،
ان کا انتقال ہوگیا ، اور بچوں نے ساری کتابیں کباڑیے کو بیچ دیں۔
چور نے اپنے ہاتھ میں موجود کتابیں سینے سے لگائیں،
اور خاموشی سے لوٹ آیا۔