پاکستان ہائی کمیشن لندن میں کرسمس کی مناسبت سے بین المذاہب تقریب منعقد کی گئی، جس میں مسیحی اور مسلم مذہبی رہنماؤں کے ساتھ برٹش پاکستانی مسیحی برادری کے عمائدین نے شرکت کی، اس تقریب کا مقصد ہم آہنگی، یکجہتی اور باہمی احترام کو فروغ دینا تھا۔
تقریب کے دوران مختلف گرجا گھروں کے کورس گروپس نے کرسمس کیرولز پیش کیے، جنہوں نے خوشی، محبت اور جشن کے ماحول کو مزید خوبصورت بنا دیا۔
اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا پیغامِ محبت، ہمدردی اور انسانیت ہر دور اور ہر معاشرے کے لیے یکساں اہمیت رکھتا ہے۔
ہائی کمشنر نے مسیحی برادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی ڈاکٹرز، نرسز اور ہیلتھ کیئر ورکرز نے جذبۂ خدمت اور دیانت داری کے ساتھ خصوصاً قومی بحرانوں کے دوران جس طرح خدمات انجام دی ہیں، وہ پاکستان کے معاشرتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے بین المذاہب ہم آہنگی اور برطانیہ میں مقیم کمیونٹیز کے مثبت کردار کو سراہنے کا عزم بھی دہرایا گیا۔