وزیراعظم شریف سے امریکا میں سکھ برادری کی تنظیم کے صدر جسدیپ سنگھ نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سکھوں کے بہت سے مقدس مذہبی مقامات موجود ہیں، دنیا بھر سے سکھ برادری کے افراد مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے پاکستان آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولتیں دینے کے لیے کوشاں ہیں، سکھوں کے ان مقدس مقامات پر ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی سکھ کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور آنے والے یاتریوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لیے حکمتِ عملی بنائیں گے۔
جسدیپ سنگھ نے میزبانی اور سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی پر وزیراعظم شہباز شریف اور حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔