لاہور(اپنے نامہ نگار سے) حضوری باغ ، شاہی قلعہ لاہور میں دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ملک بھر سے آئے سرکاری و مذہبی نمائندگان کے علاوہ بھارت، برطانیہ، کینیڈا اور دیگر ممالک سے آئے سکھ یاتریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد خوش آئند اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب سکھ برادری کے مذہبی اور ثقافتی میلوں کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے تاکہ یاتری اپنے مقدس مذہبی فرائض مکمل آزادی اور احترام کے ساتھ ادا کر سکیں۔ رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ پاکستان سکھ برادری سمیت تمام مذاہب کے ماننے والوں کا گھر ہے۔