سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بہتری کے حالات پیدا کرنے چاہئیں، غربت بےروزگاری مہنگائی ہے، کاروبار بالکل بھی نہیں ہے۔
شیخ رشید نے انسدادِ دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ اڈیالہ جیل جانے والوں کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 40، 40 سال کی سزائیں دے دی گئی ہیں، میرے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو بھی 40 سال کی سزا دی گئی ہے، میں جن کیسز میں عدالتوں میں پیش ہو رہا ہوں ان کے وقت میں پاکستان میں موجود نہیں تھا، سارے کیسز میں پاکستان میں نہیں تھا۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اللّٰہ کرے گا کہ اچھا وقت بھی آئے گا۔
اس سے قبل انسدادِ دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت میں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس پر سماعت کے لیے شیخ رشید اور بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک ٹیم کے ہمراہ عدالت پہنچے۔
شیخ رشید احمد و دیگر ملزمان عدالت پیش ہوئے، حاضری کے بعد اِنہیں جانے کی اجازت دے دی گئی۔
نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بغیر کارروائی 3 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
عدالتی عملے نے بانیٔ پی ٹی آئی کے وکلاء کو سماعت ملتوی ہونے سے متعلق آگاہ کیا۔
اس سے قبل بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک نے اے ٹی سی کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہم عدالت سے استدعا کریں گے ہمیں بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے، ہم نے کیس سے متعلق بانیٔ پی ٹی آئی سے ہدایات لینی ہیں۔