وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست پر امریکی کانگریس نے مہر لگا دی ہے۔
باغ آزاد کشمیر میں دانش اسکول کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مئی کی یدھ میں ہندوستان کو افواج پاکستان نے زناٹے دار تھپڑ رسید کیا تھا، ہندوستان کو زناٹے دار تھپڑ رسید کرنے پر امریکی کانگریس کی رپورٹ نے مہر لگا دی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہر تقریر میں ذکر کرتے ہیں کہ 7 نئے نکورے جہاز پاکستان نے گرائے، اللّٰہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہمارے بہادر جوانوں کی بدولت عزت سے نوازا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہماری ایئر فورس اور بری فوج نے 4 روز میں بھارت کی فوج کو گھٹنے کے بل گرایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج دانش اسکول باغ کا سنگ بنیاد رکھ کر خوشی ہو رہی تھی، یہ سفر پنجاب سے شروع کیا تھا، آج پورے پاکستان میں یہ دانش گاہیں پھیل رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے قبل بھمبر میں دانش اسکول کا سفر شروع کیا، اب باغ میں بھی دانش اسکول کا افتتاح 23 مارچ 2026 کو کریں گے، یہ وہ دانش گاہیں ہیں جن کا مقابلہ پاکستان میں کسی بھی تعلیم گاہ سے کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دانش گاہوں نے بند راستے کھول دیے ہیں، آپ کے بچے یہاں میرٹ پر تعلیم مفت حاصل کریں گے، بچوں کی تعلیم، رہائش گاہ اور یونیفارم سب مفت ہو گا، کوشش ہوگی آپ کے ہی اساتذہ کو یہاں نوکریاں ملیں۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دانش اسکول کا خواب جو ہم نے دیکھا تھا، آزاد کشمیر میں اس کی تکمیل کا وقت آگیا ہے، آج 15 سال بعد ہزاروں دانش اسکول کے بچے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں، یہ بچے پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں گے۔