ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم رہنما بلدیاتی نظام کو نشانہ بنانے کے بجائے اسے مضبوط کرنے پر توجہ دیں۔
سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ سندھ کا بلدیاتی نظام پورے پاکستان میں سب سے زیادہ با اختیار اور آئینی طور پر مضبوط نظام ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر پنجاب کا نظام زیادہ پسند ہے تو پھر وہ اسی ماڈل کے نفاذ کا مطالبہ بھی کر سکتے ہیں۔
سعدیہ جاوید نے مطالبہ کیا کہ پی ایم ایل این کو اپنے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان ہونے والے گورنر شپ کے معاہدے پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کی اصل سیاسی جماعت ہے اور شہر کے لیے مزید بڑے ترقیاتی منصوبے لے کر آئے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہری مسائل کا حل صرف تنقید سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ممکن ہے۔