بھارتی ریاست اترپردیش میں شادی کی تمام رسومات مکمل ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی دلہن پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی، جس کے باعث دلہا کو بغیر دلہن واپس لوٹنا پڑا۔
دلہے کے گھر والوں نے دلہن کے اہلِ خانہ کے خلاف شکایت درج کروا دی ہے، تین ماہ قبل پلوی اور سنیل کمار گوتھم کی شادی طے ہوئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منگل کی رات دلہے کی بارات تقریباً 90 افراد کے ساتھ بارابنکی پہنچی۔
رسومات کی ادائیگی کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کو ورمالا پہنائی اور رات دیر تک شادی کی تکمیل کا اعلان کیا گیا، اس دوران دلہا اور دلہن نے اسٹیج پر ڈانس بھی کیا۔
بدھ کی صبح جب رخصتی کی تیاری شروع ہوئی تو دلہن کے اہلِ خانہ کو پتا چلا کہ پلوی اپنے کمرے سے غائب ہے۔ ابتدا میں انہیں لگا کہ شاید وہ آس پاس ہی ہو، مگر دونوں خاندانوں کی جانب سے گھنٹوں تلاش کے باوجود وہ کہیں نہ مل سکی۔ دوپہر تک جب اس کا کوئی سراغ نہ ملا تو گھر والوں کو شدید گھبراہٹ ہوئی۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق شبہ ہے کہ دلہن اپنے مبینہ عاشق کے ساتھ فرار ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر وہ رات کے وقت تمام رسومات مکمل ہونے کے بعد گھر کی بھاگ دوڑ اور تھکن کے دوران خاموشی سے نکل گئی۔
دوسری جانب دلہے کے اہلِ خانہ نے دلہن کے خاندان کے خلاف باضابطہ شکایت درج کروائی ہے۔
پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور دلہن کا پتا لگانے کے لیے موبائل فون کی لوکیشن اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔