دبئی ایئر شو میں ایک دوست ملک کے ساتھ جے ایف–17 تھنڈر کی خریداری سے متعلق ایم او یو پر دستخط کیے گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دبئی ایئر شو 2025 میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ نے دوست ممالک کے ایئر چیفس کے ساتھ اعلیٰ سطح ملاقاتیں کیں، ایک دوست ملک کے ساتھ جے ایف-17 تھنڈر کی خریداری سے متعلق ایم او یو پر بھی دستخط کیے گئے۔
ایم او یو پر دستخط پاکستان کے بڑھتے ہوئے دفاعی اور صنعتی تعاون میں ایک نمایاں سنگِ میل ہے، یہ معاہدہ طیارے کی عالمی مقبولیت پر مستقل بین الاقوامی اعتماد کا مظہر ہے۔
ایئر چیف نے یو اے ای کے انڈر سیکریٹری دفاع سے ملاقات کی، سربراہ پاک فضائیہ نے کمانڈر یو اے ای ایئر فورس اینڈ ایئر ڈیفنس میجر جنرل راشد محمد الشمسی سے بھی ملاقات کی۔
ملاقاتوں میں اعلیٰ تربیت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقاتوں میں ابھرتی ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز میں اشتراک اور آپریشنل ہم آہنگی نظام کو مزید موثر بنانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
اماراتی عسکری قیادت نے پاک فضائیہ کی جدت، بڑھتی ہوئی مقامی صلاحیتوں اور مقامی ترقی کو سراہا اور مشترکہ مشقوں، پیشہ ورانہ تبادلوں کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یو اے ای عسکری قیادت نے مستقبل کی بین العسکری شراکت داریوں کو مزید استوار کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاک فضائیہ کا دستہ دبئی ایئر شو 2025 میں شرکت کے لیے یو اے ای میں موجود ہے، ایئر شو کے دوران جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری طیارہ خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔
معرکۂ حق میں شاندار کارکردگی نے جے ایف-17 تھنڈر کو قابلِ اعتماد لڑاکا طیارے کے طور پر نمایاں کیا، مختلف ممالک نے جے ایف-17 تھنڈر میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
دبئی ایئر شو میں معروف سپر مشاق ٹرینر طیاروں نے بھی شرکت کی۔