گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ صوبے کا گورنر بعد میں، ایم کیو ایم کا کارکن پہلے ہوں۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر بننا یا چیئرمین بننا فخر کی بات نہیں، کارکن ہوتے ہوئے ان عہدوں پر آنا فخر کی بات ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ خالد مقبول صدیقی نے جو باتیں کیں ان پر من و عن عمل کرائیں گے، عوام درخواست کر رہے ہیں کہ سڑکیں ٹوٹ چکی ہیں، کوئی پرسانِ حال نہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ صحیح معنوں مین پیکیج تو تب آئے گا جب ایم کیو ایم پاکستان صوبے کی حکمرانی کرے گی، کراچی اور حیدرآباد کےلیے ایم کیو ایم پاکستان نے لڑ کر پیکیج لیا۔