بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بستی میں دلہے کی پہلی بیوی نے شادی میں پہنچ کر تقریب رکوادی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک شادی اس وقت ڈرامائی صورتحال کا شکار ہوگئی جب دلہے کی پہلی بیوی اچانک شادی کی تقریب میں پہنچ گئی اور اس پر دوسری شادی کرنے کی کوشش کا الزام لگاتے ہوئے تقریب رکوا دی۔
ہوا کچھ یوں کہ شادی کی اختتامی رسومات جاری تھیں کہ اس دوران دلہے کی پہلی بیوی ریشما اسٹیج پر چڑھ گئی۔
تفصیلات کے مطابق دلہا ونے آنند شرما رسومات کی ادائیگی کے بعد ابھی اسٹیج پر بیٹھا ہی تھا کہ اس کی پہلی بیوی اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ اسٹیج پر پہنچ گئی۔
ریشما نے موقع پر ہی دلہے کو روک دیا اور تمام مہمانوں کے سامنے اس کی پہلی شادی کی تصاویر دکھانا شروع کر دیں، جس سے دلہا شدید پریشان اور شرمندہ ہوگیا۔
گجرات کی رہائشی ریشما نے الزام لگایا کہ ونے آنند نے میرے بینک اکاؤنٹ سے بڑی رقم نکلوائی اور میرے نام پر ایک کار کی فائنانسنگ بھی کروائی، شادی کے چند ماہ بعد ہی ہمارے تعلقات میں تلخی پیدا ہو گئی تھی۔
ریشما اور ونے نے 30 مارچ 2022 کو کورٹ میرج کی تھی، جس کے بعد دونوں خاندانوں کی موجودگی میں شادی کی تقریب بھی ہوئی۔ اختلافات کے بعد دونوں نے عدالت میں کیس دائر کیا، طلاق کی کارروائی جاری تھی، مگر قانونی طور پر اب تک طلاق نہیں ہوئی تھی، لیکن گاؤں واپس آکر دلہے نے دوسری شادی طے کر لی تھی۔
تقریب کے دوران ہنگامہ بڑھنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں فریقین کو سمجھایا، اور دلہے کو تھانے گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک خاتون نے شکایت درج کروائی ہے کہ اس کا شوہر حتمی طلاق نہ ہونے کے باوجود دوسری شادی کر رہا تھا۔
حکام کے مطابق دونوں فریقین نے اتفاق کیا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے تک شادی آگے نہیں بڑھے گی، معاملہ ابھی زیرِ تفتیش ہے۔