فیصل آباد میں کیمیکل فیکٹری میں گیس لیکج کے باعث دھماکا، فیکٹری اور ملحقہ رہائشی مکانات گر گئے، واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 20 ہوگئی جبکہ 7 افراد زخمی ہیں۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔ پولیس نے قتل، اقدامِ قتل، ایکسپلوزو ایکٹ اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
حادثے میں فیکٹری مالک اور منیجر کو نامزد کیا گیا ہے، فیکٹری مالک محمد قیصر نے گرفتاری دے دی جبکہ فیکٹری منیجر کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے قریب واقع متعدد گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں، جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق فیکٹری میں لگی آگ مکمل بجھادی گئی ہے، گرنے والے مکانات کا ملبہ ہٹادیا گیا جبکہ فیکٹری کا ملبہ بھی ہٹایا جارہا ہے۔