خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری نے ابوظبی میں سپریم کونسل برائے مدرہڈ کا دورہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق اس دورے پر خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کی بہن بختاور بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ تھیں، سیکریٹری جنرل رِیم بنت عبداللّٰہ الفلاسی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ آصفہ بھٹو زرداری نے کونسل کی خدمات اور کردار کو سراہا۔ اُنہوں نے صحت، تعلیم اور ثقافت میں کونسل کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
بچوں نے پارلیمنٹ اور ایڈوائزری کونسل سے متعلق آصفہ بھٹو زرداری کو بریفنگ دی۔ خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو زرداری نے شیخہ فاطمہ بنت مبارک کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی شمولیت کےلیے کونسل کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ آصفہ بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ شیخہ فاطمہ کی وژنری قیادت خاندان کی بھرپور خدمت اور معاونت کا ذریعہ ہے۔