بالی ووڈ اداکارہ سیلینا جیٹلی نے اپنے شوہر پیٹر ہاگ کے خلاف گھریلو تشدد کے مقدمے اور طلاق کی کارروائی سے متعلق پہلی بار خاموشی توڑ دی اور نئی فیس بک پوسٹ میں اس حوالے سے کھل کر بات کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر جاری کی گئی تفصیلی پوسٹ میں انہوں نے اپنے مشکل ترین وقت میں ساتھ دینے پر اپنی قانونی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
سیلینا جیٹلی اور پیٹر ہاگ 2011ء میں رشتۂ ادواج میں بندھے تھے، آج سیلینا نے کھڑکی کے پاس ساڑھی پہنے ایک پرانی تصویر کے ساتھ اپنی تحریر پوسٹ کی۔
پوسٹ کا آغاز انہوں نے ہمت اور طلاق جیسے ہیش ٹیگز سے کیا ہے اور لکھا میری زندگی کے سب سے مشکل اور طوفانی دور میں، جس میں مجھے اکیلے لڑنا پڑا، میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ ایک دن ایسا آئے گا جب وہ تمام ستون گر جائیں گے جن پر میری دنیا کھڑی تھی، میرے والدین، میرا بھائی، میرے بچے اور وہ شخص جس نے ساتھ نبھانے، محبت کرنے اور ہر مشکل میں میرا ہاتھ تھامنے کا وعدہ کیا تھا۔
بعد ازاں اداکارہ نے شاعرانہ انداز میں اپنے احساسات بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ:........
زندگی نے سب کچھ مجھ سے چھین لیا، جن لوگوں پر بھروسہ تھا وہ ساتھ چھوڑ گئے، جن وعدوں پر یقین تھا وہ خاموشی سے ٹوٹ گئے، مگر میں ڈوبی نہیں، طوفان نے مجھے توڑا نہیں، بلکہ زندہ سمندر سے باہر پھینک دیا، مجھے اس عورت سے ملوایا جو سہاروں کے بغیر بھی زندہ رہ سکتی ہے، کیونکہ میں ایک سپاہی کی بیٹی ہوں، حوصلہ، نظم و ضبط، جرأت، استقامت، آگ اور ایمان میرے خون میں ہے، میں نے سیکھا ہے گر کر اٹھنا، دل ٹوٹنے کے باوجود لڑنا اور جب میرے ساتھ ناانصافی ہو تو کسی پر رحم نہ کرنا۔
سیلینا نے لکھا ہے کہ اس مشکل وقت میں بھی میں اپنے فوجی بھائی کی واپسی کے لیے کوشاں ہوں جو ایک سال سے متحدہ عرب امارات میں زیرِ حراست ہے، میری پہلی ترجیح میرے بھائی کے لیے لڑنا ہے، اپنے بچوں کی محبت اور اپنی عزت کے لیے لڑنا ہے۔
اداکارہ نے اپنی قانونی ٹیم کرن جا والا اینڈ کمپنی کا بھی خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے میرے اندھیرے ترین وقت میں ڈھال کا کردار ادا کیا، چونکہ کیس عدالت میں ہے، اس لیے میں اس سلسلے میں مزید تبصرہ نہیں کر سکتی۔
سیلینا نے آج (منگل کے روز) اپنے شوہر پیٹر ہاگ کے خلاف گھریلو تشدد، بدسلوکی اور ذہنی اذیت جیسے سنگین الزامات پر ڈومیسٹک وائلنس ایکٹ کے تحت مقدمہ دائر کیا ہے، انہوں نے مبینہ طور پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ بھی کیا، جس میں آمدنی اور املاک کے نقصان کا معاوضہ شامل ہے۔
واضح رہے کہ پیٹر ہاگ آسٹریا سے تعلق رکھنے والے بزنس مین اور ہوٹل کے کاروبار سے وابستہ ہیں، دونوں کی شادی 2011ء میں ہوئی تھی اور ان کے 3 بیٹے ہیں، جن میں 2012ء میں پیدا ہونے والے جڑواں بیٹے ونسٹن اور ویراج اور 2017ء میں پیدا ہونے والا بیٹا آرتھر شامل ہے جبکہ سیلینا کا ایک اور بیٹا شمشیر دل کے عارضے کے باعث انتقال کر گیا تھا۔