• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابری مسجد کی جگہ تعمیر مندر پر جھنڈا لہرانے پر گہری تشویش ہے، پاکستان

پاکستان نے ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد کی جگہ تعمیر نام نہاد ’’رام مندر‘‘ پر جھنڈا لہرانے افسوسناک قرار دیا ہے۔

پاکستان نے بابری مسجد کی جگہ تعمیر رام مندر پر جھنڈا لہرانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا، نفرت انگیز تقاریر اور مسلم مخالف حملوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی عدالتی کارروائیاں بھی مسلمانوں کے خلاف امتیازی رویے کی عکاسی کرتی ہیں، بھارتی ریاست کا اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے مذہبی و ثقافتی ورثے کو مٹانے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق متعدد تاریخی مساجد کی توہین اور شہید کرنے کے خطرات لاحق ہیں۔ بھارتی مسلمان سماجی، معاشی اور سیاسی سطح پر بڑھتی ہوئی محرومی کا سامنا کر رہے ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری سے بھارت میں بڑھتی اسلاموفوبیا اور نفرت انگیزی پر نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے اسلامی ورثے کے تحفظ کیلئے مؤثر کردار ادا کریں۔ 

ترجمان نے کہا کہ بابری مسجد کو 6 دسمبر 1992 کو انتہاپسند ہجوم نے شہید کیا تھا، بھارت مسلمانوں سمیت تمام مذہبی برادریوں کے مقامات عبادت کا تحفظ یقینی بنائے۔

قومی خبریں سے مزید