بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر علیمہ خان نے اپنی بہنوں اور پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ راولپنڈی کے گورکھ پور ناکے پر جاری دھرنا تقریباً 10 گھنٹے بعد ختم کردیا۔
ذرائع کےمطابق پولیس کے علیمہ خان اور علامہ ناصر عباس سے مذاکرات کامیاب ہوجانے کے بعد علیمہ خان نے پولیس کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کردیا۔
نورین نیازی نے کہا کہ ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اگلے ہفتے ملاقات کرائی جائے گی، اگر اگلے ہفتے ملاقات نہیں کرائی گئی تو احتجاج ختم نہیں کرینگے۔
واضح رہے کہ منگل کو علیمہ خان اپنے بھائی عمران خان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچی تو پھر انہیں ملاقات کی اجازت نہ ملی۔
علیمہ خان نے کارکنوں کے ہمراہ جیل کی طرف جانے کی کوشش کی، پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی اور دھکم پیل بھی ہوئی۔
اس موقع پر علیمہ خان عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر اڈیالہ جیل کے قریب گورکھ پور ناکے پر دھرنا دے کر بیٹھ گئی تھیں۔