پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے جانے کے بعد بہت تباہی ہوئی، ملک کا ستیا ناس کردیا، 2018 سے 22 تک جو ہوا اس کی ذمہ داری ان کے سر ہے۔
نو منتخب ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں لوگوں نے کارکردگی کو ووٹ دیا، نفرت ،فساد اور فتنے کو ضمنی انتخابات میں شکست ہوئی۔
نواز شریف نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی پر شہباز شریف اور مریم نواز کو مبارک باد دیتا ہوں، حکومتی اقدامات سے مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ نومنتخب اراکین اسمبلی کو مبارک باد دیتا ہوں، اللّٰہ کے فضل سے جھوٹ، گالم گلوچ، بدتمیزی، بدتہذیبی اور فتنے کو شکست ہوئی، گزشتہ دور حکومت میں ملک میں صرف تباہی آئی، بدتہذیبی کا کلچر عام کیا گیا، ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں خارجہ امور کا دیوالیہ نکالا گیا، گزشتہ دور حکومت میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔
نواز شریف نے کہا کہ ترقی کی رفتار جاری رہتی تو آج دنیا میں ہمارا ایک مقام ہوتا، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا، پنجاب اور وفاقی حکومت دن رات محنت کر رہی ہے، اب سب چیزیں بحال کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، ڈیڑھ سال میں ہم نے عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا ہے، پاکستان کو ہم نے اخلاقی، معاشرتی دیوالیہ پن سے بھی بچایا ہے۔