وزیرِ ریلوے حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والا اور کروانے والا دونوں جیل جائیں گے۔
اسلام آباد میں اپنی زیرِ صدارت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے نے یہ بات کہی۔
اجلاس میں آئی جی ریلوے، ایس پی ریلوے پنڈی ڈویژن اور ریلوے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ریلوے پولیس کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیرِ ریلوے کی ہدایات پر ٹکٹ چیکنگ مہم مزید مؤثر بنا دی گئی ہے۔
اس موقع پر وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والا اور کروانے والا دونوں جیل جائیں گے۔
ریلوے پولیس حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ بغیر ٹکٹ سفر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، ریلوے اراضی پر برسوں پرانی تجاوزات کا خاتمہ جاری ہے، ریلوے کی زمین کا ایک ایک انچ واگزار کرایا جا رہا ہے۔