سینئر فنکارہ سنگیتا کا فواد خان کے ’پاکستان آئیڈیل‘ میں جج بننے پر ردعمل سامنے آگیا اور کہا کہ دیگر ججز میں تجربہ کار اور سینئر فنکاروں کو شامل کیا جانا چاہیے تھا۔
پاکستان کے معروف اداکار فواد خان کئی سالوں کے بعد دوبارہ متحرک ہوئے ہیں اور اس وقت پاکستان آئیڈل کے جج کے طور پر نظر آ رہے ہیں۔
وہ اس شو کے ذریعے بطور گلوکار بھی واپسی کر رہے ہیں اور فلم نیلوفر کے ساتھ سنیما میں بھی دوبارہ جلوہ گر ہوں گے۔
تاہم ان کے جج بننے پر کئی حلقوں کی جانب سے تنقید سامنے آئی، جس پر سنیما اور فلم انڈسٹری کی سینئر فنکارہ سنگیتا نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
سنگیتا کا کہنا ہے کہ راحت فتح علی خان کا پاکستان آئیڈل میں جج ہونا ایک بہترین فیصلہ ہے، لیکن دیگر ججز میں تجربہ کار اور سینئر فنکاروں کو شامل کیا جانا چاہیے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں خود سیکڑوں فلموں کی موسیقی میں شامل رہ چکی ہوں، مگر شو کے منتظمین اور پروڈیوسرز اس تجربے کو نظر انداز کرتے ہیں۔
سنگیتا نے یہ بھی کہا کہ اکثر ججز کا انتخاب دوستی اور تعلقات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے حقیقی تجربہ رکھنے والے فنکاروں کو مواقع نہیں مل پاتے۔