غصے میں آکر شادی کرنے والی پاکستانی معروف ہدایتکارہ و اداکارہ سنگیتا نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے پچھتاوے سے پردہ اُٹھا دیا۔
حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی کے ناخوشگوار واقعات کا بھی تذکرہ کیا اور بتایا کہ انہیں کس بات پر سب سے زیادہ پچھتاوا ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میں نے نہ تو اپنی پسند سے شادی کی اور نہ ہی اپنے والدین کی بلکہ میں نے غصے میں آکر شادی کی۔ غصے میں لیے گئے فیصلوں کا انجام بھی برا ہوتا ہے۔ شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور 3 سال بعد ہی طلاق ہوگئی۔
انہوں نے غصے میں شادی کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میری والدہ سے ناراضی تھی، ان دنوں میں سوات میں شوٹنگ کر رہی تھی، اسی دوران میرے ایک مداح اداکار ہمایوں قریشی سے میں نے شادی کرلی۔ یہ جان کر والدہ اور ناراض ہوگئیں اور کہا کہ اب شادی کرلی ہے تو وہیں رہو۔
سنگیتا نے اپنے غلط فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے غیر شادی شدہ افراد کو مشورہ دیا کہ شادی ہمیشہ والدین کی مرضی سے کریں تاکہ اگر زندگی میں کبھی اونچ نیچ ہوجائے تو وہ آپ کے دفاع میں موجود ہوں، اپنی مرضی سے شادی کریں گے تو کوئی ساتھ نہیں ہوگا۔
انہوں نے ایک سوال پر اپنی زندگی کے سب سے بڑے پچھتاوے کا بھی تذکرہ کیا اور بتایا کہ پہلی شادی سے ایک بیٹی مشاعل ہے جس کی شادی میں نے زمانے کے خوف سے صرف 16 برس کی عمر میں کر دی تھی جو میری زندگی کا سب سے غلط فیصلہ تھا، جس پر آج تک پچھتاوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی تھی کہ بچیاں گھر میں اکیلی ہوتی ہیں اور میں کام کے سلسلے میں پورا دن گھر سے باہر ہوتی ہوں، بچیاں بڑی ہو رہی تھیں، اسکول اور پھر کالج کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس زمانے میں فلم اسٹار کی بچیوں کو اچھی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا تھا۔ اس لیے میں نے اس کی جلدی شادی کردی۔
ہدایتکارہ نے کہا کہ یہ میری زندگی کا سب سے غلط فیصلہ تھا، جس کی وجہ سے میری بیٹی کو بہت مشکلات برداشت کرنا پڑیں۔ مجھے اس کا درد شدت سے محسوس ہوتا ہے، مجھے اپنی تمام بیٹیوں میں اس سے سب سے زیادہ محبت ہے۔ اللّٰہ کا شکر ہے کہ باقی دونوں بیٹیاں اپنے گھروں میں خوش ہیں۔
واضح رہے کہ سنگیتا نے پہلی شادی کی ناکامی پر دوسری شادی بھی کی۔ دوسری شادی سے ان کی دو بیٹیاں ہیں، ان کی دوسری شادی بھی طلاق پر ختم ہوئی۔