کراچی کے علاقے گلشن اقبال نیپا پل کے قریب کھلے گٹر میں گرنے والے 3 سالہ بچے کا تاحال پتا نہیں چل سکا، ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے واقعے کی جگہ پہنچنے پر شہری مشتعل ہوگئے اور انہیں گاڑی سے اترنے نہیں دیا۔ مظاہرین نے میڈیا کی گاڑیوں پر بھی پتھراؤ کیا۔
شہریوں کے سخت احتجاج پر ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار گاڑی سے ہی نہیں اترے، انہوں نے کہا کہ بچے کے مین ہول میں گرنے پر گہرا دُکھ ہے، ٹوٹی سڑکیں، کھلے گٹر حکومت سندھ اور میئر کراچی کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ متعدد بچے کھلے مین ہولز کا نشانہ بن چکے ہیں مگر حکومت کی نظر میں سب اچھا ہے۔ مشتعل مظاہرین کے سخت احتجاج پر فاروق ستار گاڑی سے اترے بغیر روانہ ہوگئے۔
دوسری جانب امدادی کارروائی کے لیے مشینری نہ پہنچنے اور عدم تعاون پر بچے کے اہلخانہ اور علاقہ مکینوں نے نیپا فلائی اوور کے قریب احتجاج شروع کردیا ہے۔
مشتعل افراد نے سڑکوں پر ٹائر جلاکر ٹریفک معطل کردی ہے، دفاتر جانے والے شہریوں کو زبردستی روکنے کی کوششیں کی گئیں۔
مشتعل مظاہرین نے میڈیا پر حملہ کرتے ہوئے پتھراؤ کیا، جس سے کچھ نجی چینلز کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ٹریفک پولیس کا بتانا ہے کہ نیپا فلائی اوور سے مین یونیورسٹی روڈ دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند ہے، ٹریفک کو نیپاچورنگی سے مین راشد منہاس روڈ جوہر موڑ کی طرف بھیجا جارہا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق حسن اسکوائر سے نیپا جانے والی ٹریفک کو المصطفیٰ اسپتال سے اندرون آبادی کی طرف بھیجا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات 11 بجے نیپا کے قریب معروف ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے سامنے تین سالہ بچہ ابراہیم کھلے گٹر میں گر کر لاپتہ ہوگیا تھا۔