• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا امکان مسترد کردیا

بیرسٹر گوہر : فائل فوٹو
بیرسٹر گوہر : فائل فوٹو 

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا امکان مسترد کردیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ سب چہ مگوئیاں ہیں، صوبہ گورنر راج کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مجھے گورنر راج لگتا دکھائی نہیں دے رہا،  کوشش کریں گے خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کا خاتمہ ہو۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے اڈیالہ جائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر مملکت قانون بیرسٹر عقیل کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے، صوبے کے موجودہ حالات اس اقدام کا تقاضا کر رہے ہیں، صوبے کے عوام کو کب تک بے یار و مددگار چھوڑا جاسکتا ہے؟ 

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل کا کہنا تھا کہ رپورٹس کے مطابق صوبے کو بلاک کرنے کی منصوبہ بندی جاری ہے، وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم ناکام ثابت ہوئی ہے، گورنر راج دو ماہ کے لیے نافذ کیا جاسکتا ہے اور حالات کے مطابق اس میں توسیع بھی ممکن ہے۔

قومی خبریں سے مزید