بھارتی ریاست تامل ناڈو میں واقع ویمنز ہاسٹل میں ایک شخص نے علیحدگی اختیار کرنے والی اپنی بیوی کو بہیمانہ انداز میں قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جہاں شری پریا نامی خاتون کو اس کے شوہر نے ہاسٹل کے اندر گھس کر ہلاک کر دیا۔
شری پریا ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتی تھی اور کچھ عرصے سے اپنے شوہر بالاموروگن سے الگ رہ رہی تھی۔
اتوار کی دوپہر بالاموروگن اپنی اہلیہ سے ملنے کے بہانے ہاسٹل پہنچا، ملاقات کے دوران دونوں میں تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد ملزم نے اچانک درانتی نکال کر اہلیہ پر حملہ کر دیا اور اسے موقع پر ہی قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم نے مقتولہ کی لاش کے ساتھ ایک سیلفی لی اور اسے اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر اپ لوڈ کرتے ہوئے کیپشن میں اہلیہ پر الزام عائد کیا کہ اِس کی بیوی نے اِسے ’دھوکا‘ دیا ہے۔ بعد ازاں ملزم نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم کو اپنی بیوی پر کسی اور مرد سے تعلق رکھنے کا شُبہ تھا۔