• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایاز صادق ٹی او آر پر مذاکرات کی بحالی کی کوشش کریں گے

اسلام آباد (طارق بٹ)قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق حکومت اور اپوزیشن کو ٹی او آر پر مذاکرات کی بحالی کیلئے آمادہ کرنے کی ایک اور کوشش کرینگے۔ انہوں نے کمیٹی کے ارکان کو کل منگل کو اپنے دفتر میں بلایا ہے۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ دونوں فریق اسپیکر سے ملنے پر راضی ہوگئے ہیں۔ ان کیلئے دونوں فریقوں کو مذاکرات شروع کرنے پر آمادہ کرنا مشکل ٹاسک ہوگا، کیونکہ دونوں سخت موقف اپنا چکے ہیں۔ چند ہفتے قبل حکومت نے اسپیکر سے رجوع کرکے کہا تھا کہ وہ مذاکرات کی بحالی میں کردار ادا کریں۔ پی ٹی آئی اور پی پی پی کے بائیکاٹ کی وجہ سے مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ لیکن دیگر جماعتیں بشمول ایم کیو ایم ، اے این پی، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی آف شور کمپنیوں کی تحقیقات کے مسئلے کو پارلیمانی فورم میں ہی حل کرنا چاہتی ہیں۔ یہ چاروں جماعتیں تو پیش رفت چاہتی ہیں مگر پی ٹی آئی اور پی پی پی تعطل برقرار رکھنا چاہتی ہیں کہ صرف وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کی ہی تحقیقات کی جائیں۔ اسپیکر کی کوششوں سے ممکن ہے کہ مذاکرات بحال ہوجائیں، لیکن کسی بڑی پیش رفت کا امکان نہیں۔ پی پی پی اور پی ٹی آئی نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں ریفرنسز جمع کرائے تو ن لیگ نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس ریفرنس دائر کردیا۔ اتوار سے پی ٹی آئی نے احتجاجی مہم بھی شروع کردی۔ مگر اس مارچ اور ریلی میں پہلے جیسا جوش و خروش نظر نہیں آیا۔ وقت کیساتھ پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت کم ہورہی ہے۔ ادھر ن لیگ نے بھی پشاور میں ریلی نکالی۔ حکومت اور اپوزیشن کے ان اقدامات کا مطلب ہے کہ مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے اتفاق رائے پر پہنچنے کو اہمیت نہیں دی گئی۔ عمران خان نے کہا تو ہے کہ ٹی او آر پر اتفاق ہونے کی صورت میں وہ احتجاج ختم کردیں گے، لیکن ان کی شرط یہ ہے کہ یہ ٹی او آر ان کی پارٹی کی مرضی کی ہوں گی۔
تازہ ترین