ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا ہے کہ حکومت کو تفریح کے وسائل پر بھی توجہ دینی چاہیے، آئین کے مطابق تعلیم کو فروغ دینے سے آبادی متوازن ہوگی۔
پاکستان پاپولیشن سمٹ سے خطاب کے دوران ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ اسلام آباد میں فیملیز کے لیے مناسب تفریحی سہولتیں نہیں ہیں، ماحول کی وجہ سے لوگ باہر نہیں نکلتے، تفریح کی کمی آبادی کے بڑھنے میں کردار ادا کر رہی ہے، حکومت کو تفریحی سہولتوں میں اضافہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضبط تولید اور ضبط ولادت کی اصطلاحات سے بڑا ابہام پیدا ہوا، غلط اصطلاحات کے استعمال نے مذہبی حلقوں میں شدید ردِ عمل کو جنم دیا، علماء نے پارلیمنٹ اور لٹریچر میں اس تصور کی سخت مخالفت کی۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ اصطلاحات کی غلط تشریح نے پالیسی سازی میں مشکلات پیدا کیں، علماء نے بعد میں نئی اصطلاح متعارف کرائی، ’ماں اور بچے کی صحت‘ کی اصطلاح علماء میں زیادہ مقبول ہوئی، نئی اصطلاح اسلامی تعلیمات اور اعتدال کے تصور سے ہم آہنگ ہے، توازن آبادی کی جدید اصطلاح قرآن و سنت کے اصولوں سے ہم آہنگ ہے، علماء کا کہنا ہے کہ معاملے کو رزق نہیں بلکہ صحت سے جوڑا جائے۔